زندگی کے نشیب و فراز میں یسوع کے ساتھ چلنا

موت سے زندگی کیجانب

DAILY DEVOTIONS IN URDU

8/25/2023

زندگی کے نشیب و فراز میں یسوع کے ساتھ چلنا

مَیں تُم سے سَچ کہتا ہُوں کہ جو میرا کلام سُنتا اور میرے بھیجنے والے کا یقِین کرتا ہے ہمیشہ کی زِندگی اُس کی ہے اور اُس پر سزا کا حکم نہیں ہوتابلکہ وہ موت سےنکل کر زندگی میں داخل ہوگیا (یوحنّا ۵: ۲۴)

ابھی پچھلے ہفتے، جب میں موٹر سائیکل پر سوار ہو کر گھر واپس جا رہا تھا، ایک حیران کن منظر میری توجّہ کا مرکز بنا۔ ایک راستے پر ایک بڑی بس چل رہی تھی، جہاں عام طور پر چھوٹی گاڑیاں چلتی ہیں۔جب میں نے یہ دیکھا تو سوچا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ اس واقعہ نے مجھے یہ سوچنے پر اکسایا کہ بس چلانے والے نے یہ راستہ کیوں چنا؟

بحرحال پُل کراس کرتے ہی ایک خیال میرے ذہن میں آیاکہ اگر ڈرائیور اسی طرح چلتا رہا تو ٹریفک پولیس اسے پکڑ کر بھاری جرمانہ کرے گی۔ جب میں یہ سوچ رہا تھا رُوح القدس نے مجھے ایک اہم سبق سکھایا۔

روح القدس نے مجھے یاد دلایا کہ بس ڈرائیور کی غلطی کی طرح ہم نے بھی خدا کے حکم کی نافرمانی کرکے زندگی میں غلط موڑ لیا تھا۔ تاہم، اپنی لامحدود غیر مشروط محبت میں، خُدا نے اپنے بیٹے کو ہمارے اعمال کے نتائج سے نجات دلانے کے لیے اس دُنیا میں بھیجا ۔ جس طرح ڈرائیور کو غلط راستے کی قیمت کا سامنا کرنا پڑے گا اسی طرح ہم بھی اپنے گناہوں کے نتائج کے مستحق تھے پھر بھی، خُدا کے بیٹے نے ہمارے گناہ اُٹھائے اور باپ کو ہماری طرف سے قیمت ادا کی۔

یوناہ کی کہانی میں ہم دیکھتے ہیں کہ کس طرح اس نے ابتدا میں خدا کے حکم کو ٹالٹے ہوئے ہوئے ایک غلط راہ کا انتخاب کیا۔ پھر بھی، اس کی نافرمانی میں بھی، خدا کی شفقت غالب رہی۔اس طرح اِن واقعات کی روشنی میں یوناہ کوخدا کے حکم اطاعت اور توبہ کی ضرورت کا احساس ہوا۔ اسی طرح، ہم سب نے غلطیاں کی ہیں، پھر بھی خدا کی محبت کے وسیلہ سے مخلصی پائی۔ جس طرح یوناہ کو دوسرا موقع ملااسی طرح ہم بھی خُدا کے بلاوے پر عمل کرنے میں معافی اور زندگی گزارنے کے لئے مقصد پاتے ہیں۔

رومیوں کا خط زور دیتا ہےکہ ہم ایمان کے ذریعہ راستباز ٹھہرائے گئے ہیں تو خدا کے ساتھ اپنے خداوند یسوع مسیح کےوسیلہ صلح رکھیں(رومیوں ۵ : ۱)۔ یوحنا کی اِنجیل ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ جو کوئی یسوع پر ایمان لاتا ہے اس کے پاس ابدی زندگی ہے اور وہ عدالت کا سامنا نہیں کرے گا بلکہ موت سے زندگی میں گزر چکا ہے(یوحنّا ۵: ۲۴ )۔

خداوند یسوع کی آمد ثانی پر غور کرتے ہوئے، جیسا کہ مکاشفہ کی کتاب میں تفصیل سے بتایا گیا ہےہم سوچتے ہیں کہ وہ ان لوگوں کے ساتھ کیا کرے گا جنہوں نے بس ڈرائیور کی طرح اس کی تعلیمات پر دھیان نہیں دیا۔ مکاشفہ کی کتاب ہمیں سکھا تی ہے کس طرح خدا تخت پر بیٹھا عدالت کرتا ہے وہ بیان کرتی ہے کہ سب اسکے سامنے کھڑے ہیں اور وہ ان کے کاموں کے موافق ان کا انصاف کرے گا۔ یہ وہ وقت ہوگا جب خدا لوگوں کے کئے کی سزا ان کو دے گا اور جنہوں نے اس کے احکام کی خلاف ورزی کی انہیں ابدی ہلاکت کا سامنا کریں گے (۵: ٍ۱۱)۔

آئیے ہم اپنے آسمانی باپ کا شکریہ ادا کریں جس نے اپنے بیٹے کو ہمارے گناہوں کو اپنے اُوپر لے لینے اور ہمیں سزا سے آزاد کرنے کے لیے بھیجا۔ اس کی قربانی کے ذریعہ ہم امید اور مخلصی پاتے ہیں۔آئیے! خداوند سے دعا کریں کہ ہم زندگی کےنشیب و فراز میں اسکی اطاعت اور شکر گزاری کا راستہ منتخب کریں۔ ۔ آمین

Related Stories