خدا کے کلام سے اپنے آپ کو لیس کریں

خدا کے کلام سے آراستہ ہونا

DAILY DEVOTIONS IN URDU

8/26/2023

کیونکہ خُدا کا کلام زِندہ اور مُؤثِر اور ہر ایک دو دھاری تلوار سے زِیادہ تیز ہے اور جان اور رُوح اور بند بند اور گُودے کو جُدا کر کے گُذر جاتا ہے اور دِل کے خیالوں اور اِرادوں کو جانچتا ہے۔عِبرانیوں 12:4

کیا ہمیں کبھی خیال آیا کہ زندگی میں آنے والے نشیب و فراز میں خدا کا کلام کس طرح سے ہماری مدد و رہنمائی کرتا ہے؟ عزیز بھائیو اور بہنو! سچائی سے کمر کس کر روحانی تازگی حاصل کرنے کے اس سفر میں آپ سب کو خوش آمد ید۔

خدا وند کا پاک کلام جو ہمیں بائبل مقدس کے اوراق پر تحریرً میسر ہے فقط تاریخی واقعات اور اخلاقی کہانیوں کا مجموعہ نہیں ہے۔ بلکہ بائبل مقدس اندھری دنیا میں روشنی کا مینار، کھوئے ہوؤں کے لئے قطب نما ، اور زندگی میں اٹھنے والے اُن تمام مشکل سوالات کا جواب اور حل بھی ہے جو انسانی سمجھ سے بالاتر ہیں ۔

عبرانیوں کے نام پولس رسول کا خط باب چہارم ، بارہوں آیت اس امر کی گواہی یوں پیش کرتی ہے کہ:۔ "کیونکہ خدا کا کلام زندہ اور موثر اور ہر ایک دو دھاری تلوار سے زیادہ تیز ہے اور جان اور روح اور بند بند اور گودے کو جدا کر کے گذر جاتا ہے اور دل کے خیالوں اور ارادوں کو جانچتا ہے۔"

یہ آیت خدا کے کلام کی خوبیوں اور جان وروح میں سرایت کرجانے والی صلاحیوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ پیش کرتی ہے۔ خُدا کا کلام زندہ اورموثرکرتا ہے اور انسانی وجود کے گہرے احساسات کو چھونے کی قدرت بھی رکھتا ہے۔ یہ بحیثیت آئینہ کے انسانی ذات کے بند، تاریک اور زنگ آلودہ پہلوؤں کو عیاں کرتے ہوئے مثبت و سچائی کے راستے پر گامزن کرتا ہے۔

خدا کا کلام ہماری رہنمائی کرتا ہے۔

زبور نویس ایک سو انیس، آیت کی ایک سو پانچ میں یوں مرقوم ہے کہ:۔ "تیرا کلام میرے قدموں کے لئے چراغ اور میری راہ کے لئے روشنی ہے۔"

زندگی میں آنے والے ٹیڑھے تِرچھے راستوں پر چلتے ہوئے خدا کے کلام سے حاصل ہونے والی رہنمائی بھروسہ مند ہوتی ہے اوراسی طرح کلام خدا نظر نہ آنے والی تاریک راہوں کو روشن کر کے صحیح سمت کا تعین بھی کرتا ہے۔ انسانی زندگی جب بھی مشکلات غیر یقینی صورت حال اور بے بسی کے وسوسوں سے الجھ کر رہ جاتی ہے تو یقیناً خدا کا کلام راحت فرحت اور حکمت عطا فرماتا ہے۔

اور خدا کا کلام ہماری روحانی نشو نما بھی کرتا ہے۔

مقدس متی کی انجیل، باب چہارم، آیت چار میں یوں لکھا ہے کہ:۔ "۔۔۔آدمی صرف روٹی سے ہی جیتا نہ رہے گا بلکہ ہر بات سے جو خدا کے منہ سے نکلتی ہے۔"

عزیرو!جس طرح ہمیں اپنے بدنوں کی نشونما کے لئے دُنیوی خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی طرح ہمیں اپنی روح کی نشونما کے لئے خُدا کے کلام کی ضرورت ہے۔

یہ ہماری روحوں کو سیر کرتا ہے، ہمارے ایمان کو مضبوط اور قائم کرتا ہے۔ اور شیطان کی روحانی قوتوں سے مقابلہ کرنے کے لئے روح کے ہتھیاروں سےبھی لیس کرتا ہے۔

اس لئے بھائیو اور بہنو!

زندگی کے کٹھن اور دُشوار گزار راستوں پر چلتے ہوئے ہمیں اپنے آپ کو خدا کے پاک کلام سے ہمیشہ لیس رکھنے کی اہمیت کو یاد رہناہو گا۔ ہمیں ایک سپاہی کی مانند خو د کو پاک کلام کے ہتھیاروں سے لیس اور شیطان کے خلاف جنگ کے لئے تیار کھناہو گا۔

خُدا کے کلام کو اپنے دل میں جگہ دیں۔ اپنے راستوں کا انتخاب کلام پاک کی رہنمائی میں کریں اور اس میں موجود خوراک سے سیر ہوتے ہوئے اپنی روحانی نشونما کریں۔

یاد رکھیں! کہ خدا کا کلام مخض ایک کتاب نہیں ہے۔ یہ زندگی کاچشمہ ہے۔ یہ آبشارِ حکمت اور دو دھاری تلوار سے زیادہ تیز ہے۔

لہذا! کلامِ مقدّس میں تحریر سچائیوں کا مطالعہ گیان و دھیان اور بلاناغہ کریں۔ کلامِ مقدس میں درج حکمت کی باتوں پر غور وخوص کرتے ہوئے اِسے اپنی زندگیاں تبدیل کرنے کا بھرپور موقع دیں۔

اپنے روزمرہ کے معمولاتِ زندگی میں سے وقت نکال کر خُداکے کلام سےلپٹے اور چمٹے رہنے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہیں۔صبح، دوپہر، شام خدا کے کلام کو اپنی زندگی میں اوّلین ترجیح دیں۔


کیونکہ اے عزیزو! خدا کا کلام ایک انمول خزانہ ہے۔

خدا کے کلام سے لیس ہو جانے پر یہ روز مرہ کی مشکلات سے نکلنے میں ہماری رہنمائی کرتا ہے ۔کمزوری میں ہماری طاقت بن جاتا ہےاور نا امیدی میں ہمیں امید کی کرن دکھاتا ہے۔اس لئے آئیے! ہم سب مل کر دن بہ دن ، آیت بہ آیت اپنے آپ کو خدا کے کلام سے لیس کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور جائزہ لیں کہ کس طرح سے یہ عمل ہماری زندگیوں کو یکسر تبدیل کرنے کی قدرت رکھتا ہے۔

Related Stories